ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیوٹیفکیشن، سیوریج سکیموں اور سرکاری سکولوں کی عمارتوں و بنیادی سہولیات کے سروے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی تحصیل وار صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ منصوبوں کے ڈیزائن، پی سی ون اور منظوری کے مراحل مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں جبکہ کام میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔کمشنر نے بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تھری ڈی ڈیزائن تیار کرکے متعلقہ اداروں کے حوالے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ اور بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ سکولوں میں کلاس رومز کی کمی، خستہ حال عمارتوں، ٹوائلٹس، پینے کے پانی، بجلی اور فرنیچر کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ سکولوں کے سروے اور ڈیٹا اپ لوڈنگ کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنرز، نیسپاک حکام اور دیگر متعلقہ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔