کوئٹہ (آن لائن) سنی علماء کونسل بلوچستان کے امیر مولانا محمد رمضان مینگل نے مطالبہ کیا ہے کہ خلیفہ اول حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات 22 جمادی الثانی پر عام تعطیل کا اعلان کرکے یہ دن سرکاری سطح پر منایا جائے۔ اس روز کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عظیم الشان مدح صحابہ جلوس نکالے جائیں گے، کارکن اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں سنی علماء کونسل کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مرکزی رہنما حافظ قاسم فاروقی، صوبائی ترجمان حافظ عبدالنافع ندیم، صوبائی رہنما قاری سلیم فاروقی، فضل احمد صدیقی، شکیل گجر، مقبول الرحمان شاہ، قاری ایوب معاویہ اور دیگر ذمہ داران و کارکنان شریک تھے۔مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ امت مسلمہ کے محسن ہیں اور اسلام پر ان کے بہت سے احسانات ہیں۔ وہ حضور اکرم ﷺ کے رفیق، یار غار و مزار اور انبیائے کرام کے بعد سب سے افضل انسان ہیں۔ ان کی سیرت اور طرز حکمرانی امت مسلمہ کے لیے تا قیامت مشعل راہ ہے۔