ڈربن (جنگ نیوز) جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلیا کی 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران بال ٹمپرنگ کا آغاز پہلے ٹیسٹ ہی میں ڈربن سے ہوگیا تھا۔ کنگزمیڈ میں گیند غیرمعمولی طور پر جلد ریورس سوئنگ ہونے لگی تھی، جو حیران کن تھا۔ ڈی ویلیئرز نے اپنے پوڈ کاسٹ میں کہا کہ ڈربن میں گیند اتنی جلد ریورس سوئنگ نہیں ہوتی۔ آسٹریلوی ٹیم نے گیند خراب کی یا کوئی اور طریقہ اپنایا اور ٹیم کے تمام افراد اس سے آگاہ تھے۔ آسٹریلوی بولرز بھی جانتے تھے کہ گیند خودبخود اس انداز میں ریورس سوئنگ نہیں ہوتی۔ تاہم آسٹریلوی بیٹر کیمرون بینکرافٹ نے گزشتہ ہفتے اپنے مضمون میں واضح کیا تھا کہ ڈربن ٹیسٹ میں سینڈ پیپر استعمال نہیں کیا گیا، بلکہ گیند کی دیکھ بھال کے روایتی طریقے اختیار کیے گئے تھے، جن میں لعاب دہن کا استعمال بھی شامل تھا۔ پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں صورتحال مختلف تھی۔ ڈی ویلیئرز نے کرکٹ آسٹریلیا کے اس وقت کے ردعمل کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ادارے نے کھلاڑیوں کو تنہا چھوڑ دیا اور ان پر عائد سزائیں انتہائی غیرمناسب تھیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کھلاڑی گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے قانونی حدود میں رہتے ہوئے مختلف طریقے آزماتے ہیں، تاہم کسی غیرقانونی شے کے ذریعے کھلے عام دھوکا دہی قابل قبول نہیں۔