کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی گولڈ کے چوتھے راؤنڈ میں تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ پشاور بلوز نے سیالکوٹ بلوز، فاٹا نے اسلام آباد اور ملتان نے لاہور وائٹس کو ہرادیا۔ ملتان کے محمد اسمعیل نے لاہور وائٹس کے خلاف ہیٹ ٹرک کی۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فیصل آباد کی ٹیم دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کے185رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 492رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عتیق الرحمن 135، عاصم علی ناصر 132اویس ظفر87اور عبدالرافع 64رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اسدعمر نے150رنز دے کر 5، ابرار احمد نے چاروکٹ لیے۔ کراچی بلوز نے دوسری اننگز میں 4وکٹوں پر 201 رنز بنائے تھے۔ عبداللہ فضل نے 70رنز بنائے۔ اسلام آباد میں ملتان کے خلاف 193 رنز کا ہدف پانے والی لاہور وائٹس 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد اسمعیل نے 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان نے دوسری اننگز میں 242 رنز بنائے تھے ۔ وقار حسین نے 91 اور عرفات منہاس نے 54 رنز اسکور کیے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور بلوز نے سیالکوٹ بلوز کے خلاف 268 رنزکا ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ اسرار اللہ 88، نبی گل 66 ، کپتان محمد رضوان نے ناٹ آئوٹ 66 رنز بنائے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں فاٹا نے اسلام آباد کے خلاف 239 رنز کا ہدف دو وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ عثمان خان نے 125 رنز بنائے۔