کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، ٹریفک حادثات میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانے کی حدود بلدیہ مواچھ گوٹھ اسپارکو کٹ کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر موٹر سائیکل سوار پر خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون کی شناخت 60 سالہ پروین زوجہ شکیل کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی شخص کی شناخت33 سالہ شہزاد ولد شکیل کے نام سے کی گئی حادثے میں جاں بحق خاتون اورزخمی شخص آپس میں ماں بیٹا اور اورنگی ٹاؤن کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر کو قبضےمیں لے کراس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیاہے۔شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود بھینس کالونی موڑ بچہ جیل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیرخاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔متوفیہ خاتون کی عمر 20 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر متوفیہ کی شناخت نہیں ہوسکی پے۔ سائٹ اے تھانے کی حدود سائٹ ایریا ولیکا چورنگی پٹرول پمپ کے قرب شہزور ٹرک کی زد میں موٹر سائیکل سوارجاں بحق ہو گیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔متوفی کی عمر 30 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس نے شہزور ٹرک کوتحویل میں لیکر اس کے ڈرائیورکو گرفتار کر لیا ہے۔