لاہور(خالدمحمودخالد) آسٹریلوی تھنک ٹینک لووی انسٹی ٹیوٹ کی جاری کردہ ایشیا پاور انڈیکس 2026 کے مطابق بھارت ایشیا کی تیسری بڑی طاقت کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے جبکہ امریکہ پہلے اور چین دوسرے نمبر پر ہیں۔ انڈیکس کے مطابق امریکہ نے 78.9 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی، چین نے 73.6پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور بھارت نے 40.5پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کے مجموعی اسکور میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.5 پوائنٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت نے ایشیا میں ایک بڑی طاقت کی حیثیت کو مستحکم کیا ہے۔ اس نے سفارتی اثر و رسوخ، دفاعی روابط اور مستقبل کے وسائل کے شعبوں میں پیش رفت کی ہے، جبکہ اقتصادی صلاحیت کے اشاریے میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔