پیرس (رضا چوہدری / نمائندہ جنگ) فرانس میں صنعتی ترقی، معاشی خودمختاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے صدر ایمانویل میکرون کی حکومت نے ملکی کمپنیز کی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم اقتصادی کانفرنس ’’شوئز فرانس ایڈیشن فرانس 2026‘‘ کا انعقاد کیا، جس میں مجموعی طور پر 42 ارب 50کروڑ یورو مالیت کے 273صنعتی منصوبوں کو نمایاں کیا گیا، ان منصوبوں میں 81 بالکل نئے منصوبے شامل ہیں جن کی مالیت 14 ارب 90کروڑ یورو بتائی گئی ہے۔ پیرس کی سٹی انٹرنیشنل یونیورسٹی میں گزشتہ روز منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں فرانس کی بڑی صنعتی کمپنیز، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور نئی ٹیکنالوجی سے وابستہ اداروں کے تقریباً 250 سربراہان نے شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد فرانس میں صنعتی پیداوار بڑھانے، نئی فیکٹریاں قائم کرنے، مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ملک کو صنعتی و تکنیکی اعتبار سے مزید مضبوط بنانا ہے، فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے صنعتی ترقی کے منصوبوں کو اپنی اقتصادی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیا ۔ کانفرنس میں توانائی، دفاعی صنعت، مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی، ہوابازی، صحت اور جدید مصنوعات سازی کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی، سرمایہ کاری کے نمایاں منصوبوں میں پیرس کے ہوائی اڈوں کے انتظامی ادارے اے ڈی پی کا 9 ارب 50 کروڑ یورو کا انفراسٹرکچر پروگرام بھی شامل ہے، جبکہ بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے آر ٹی ای کا منصوبہ بھی تقریباً 8 ارب یورو مالیت کا ہے، تاہم ان بڑے منصوبوں کے بعض حصے پہلے ہی اعلان کیے جا چکے ہیں، اس لیے انہیں مکمل طور پر نئی سرمایہ کاری قرار نہیں دیا جا سکتا، فرانسیسی کاسمیٹکس کمپنی لوریال نے 2027 سے 2029 کے دوران اپنے مختلف صنعتی مراکز کی جدید کاری اور ماحولیاتی بہتری کیلئے تقریباً 30 کروڑ یورو کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا ہے، اسی طرح ایلیز انرجی نامی کمپنی نے جنوب مغربی فرانس میں ہوابازی کیلئے ماحول دوست ایندھن تیار کرنے والی فیکٹری کے قیام کا 1 ارب 60 کروڑ یورو کا منصوبہ پیش کیا ہے، جسے 2031 تک فعال کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، فرانسیسی حکومت کے مطابق ان منصوبوں سے مختلف علاقوں میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور توانائی و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملکی استعداد میں اضافہ ہوگا۔ تقریباً 30 فیصد منصوبوں کو سرکاری معاونت بھی حاصل ہے جس میں فرانس 2030 پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ کانفرنس میں فرانس کے وزیر اقتصادیات رولان لیسکیور اور وزیر صنعت سیباسٹیاں مارٹن نے بھی شرکت کی۔ صدر میکرون نے اپنی مصروفیات کے دوران ٹولوز میں ایئربس کے صنعتی مرکز کا دورہ کیا، جہاں فرانسیسی ہوابازی کی صنعت، تحقیق اور جدت کے فروغ کے حوالے سے حکومتی معاونت پر توجہ دی گئی، تاہم ان بڑے سرمایہ کاری اعلانات کے باوجود فرانسیسی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ملکی ادارے انسی کے اعدادوشمار کے مطابق کاروباری سرمایہ کاری میں مسلسل چار سہ ماہیوں سے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایسے حالات میں حکومت کیلئے اصل امتحان یہ ہوگا کہ اعلان کردہ منصوبوں کو عملی شکل دے کر صنعتی پیداوار، روزگار اور اقتصادی ترقی میں حقیقی اضافہ یقینی بنایا جائے۔ اقتصادی ماہرین کے نزدیک اس کانفرنس کی اہمیت صرف سرمایہ کاری کے اعدادوشمار تک محدود نہیں بلکہ اس کا اصل نتیجہ نئی فیکٹریوں کے قیام، صنعتی پیداوار میں اضافے، روزگار کی فراہمی اور فرانس کی عالمی منڈی میں مسابقتی حیثیت بہتر بنانے سے وابستہ ہوگا۔ فرانسیسی حکومت کیلئے یہ کانفرنس اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ ملکی کمپنیوں کو بھی فرانس میں سرمایہ کاری برقرار رکھنے اور نئے صنعتی منصوبے شروع کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔