• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، جعلی اور دہرے ڈومیسائل روکنے کا نادرا سے منسلک منصوبہ 16 برس سے سرد خانے میں

کراچی (سید محمد عسکری /اسٹاف رپورٹر) سندھ میں جعلی اور دوہرے ڈومیسائل کی روک تھام کیلئے ڈومیسائل نظام کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے منسلک کرنے کا منصوبہ 16 سال گزرنے کے باوجود نافذ نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق 2010میں اس وقت کے وزیر آئی ٹی رضا ہارون اور سیکریٹری آئی ٹی محمد حسین سید کے دور میں تیار کی گئی سمری منظوری کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجی گئی تھی، تاہم اس پر پیش رفت نہ ہوسکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت نادرا حکام سے متعدد اجلاس ہوئے، جن میں طریقۂ کار، بجٹ اور دیگر امور طے کیے گئے تھے۔ سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ دوسرے صوبوں یا سندھ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے بعض افراد مبینہ طور پر جعلی یا دوہرے ڈومیسائل حاصل کر کے متعلقہ ضلع کے امیدواروں کے تعلیمی داخلوں اور سرکاری ملازمتوں کے مواقع متاثر کرتے ہیں۔ تجویز کے مطابق نادرا سے نظام منسلک ہونے کی صورت میں ڈومیسائل کی تصدیق اور اجرا کا عمل زیادہ مؤثر بنایا جاسکتا تھا۔ ذرائع کے مطابق حالیہ میڈیکل داخلوں کے دوران بھی ایسے امیدواروں کے معاملے سامنے آئے جنہوں نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی تعلیم دوسرے صوبے یا شہر سے حاصل کی، تاہم ان کے ڈومیسائل کراچی کے تھے۔ بعض امیدواروں کے والدین کے ڈومیسائل بھی کراچی کے بتائے جاتے ہیں، حالانکہ ان کی تعلیمی اسناد دوسرے شہروں کی ہیں۔اسی نوعیت کی شکایات محکمہ تعلیم، صحت اور دیگر سرکاری محکموں میں نچلے اور اعلیٰ گریڈ کی بھرتیوں کے حوالے سے بھی سامنے آئی ہیں۔ شکایت کنندگان کے مطابق بعض امیدواروں کی تعلیم دوسرے شہروں یا اضلاع میں ہوئی، لیکن ملازمت کے لیے کراچی یا سندھ کے کسی دوسرے ضلع کے ڈومیسائل پیش کیے گئے۔ یاد رہے کہ ثنا، رکن سندھ اسمبلی پی ایس 121 سید اعجاز الحق نے ضلع غربی میں گریڈ ایک سے چار کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ 13 نومبر 2026 کو ڈپٹی کمشنر غربی کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا ہے کہ 2022-23 کے دوران محکمہ اسکول ایجوکیشن کے پرائمری و سیکنڈری شعبوں اور سندھ قطر اسپتال میں بھرتیوں کے حوالے سے سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں۔خط کے مطابق ضلع غربی کے مقامی اور اہل امیدواروں کو مبینہ طور پر نظرانداز کرکے دیگر اضلاع کے افراد کو جعلی ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹس (پی آر سی) کی بنیاد پر ملازمتیں دی گئیں۔ سید اعجاز الحق نے تقرریوں کے ریکارڈ کی جانچ، غیر قانونی ثابت ہونے والی بھرتیوں کی منسوخی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید