کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کے لیے پارلیمانی امور میں مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق چار روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز،سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے چار روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے کہا کہ تربیتی پروگرام میں گریڈ 17 اور 18 کے ایسے افسران کو شامل کیا گیا ہے جو اپنی ملازمت کے درمیان میں ہیں اور مستقبل میں اسمبلی سیکرٹریٹ کی انتظامی و پارلیمانی ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں انجام دینے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ تربیت حاصل کرنے والے افسران کل نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں جدید خطوط پر انجام دیں گے بلکہ مستقبل میں ماسٹر ٹرینرز کی حیثیت سے دیگر افسران کی رہنمائی بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اداروں کی مؤثر کارکردگی کے لیے ضروری ہے کہ افسران جدید ٹیکنالوجی ، ڈیجیٹل نظام اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے بھرپور استفادہ کریں ۔ چار روزہ ورکشاپ کے دوران پارلیمانی و سیکرٹریٹ امور میں مصنوعی ذہانت کے استعمال ، ای آفس ، ای پارلیمنٹ ، ای فائلنگ ، پارلیمانی سوالات کی تیاری و مسودہ سازی ، تحریک التواء ، توجہ دلاؤ نوٹسز ، قراردادوں کی تیاری اور قائمہ کمیٹیوں کے امور سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ قانون سازی کے مختلف مراحل اور پارلیمانی کارروائی میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی ۔