کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، حماس کے سکیورٹی سربراہ شہیدہوگئے۔ کارروائی میں فلسطینی خاتون سمیت چار افراد زخمی، ڈرون حملہ بے گھر افراد کے ہجوم والے علاقے میں کیا گیا۔،حماس کا کہنا تھا کہ حملہ جنگی جرم اور افراتفری کی کوشش ہے ،اسرائیلی فوج نے سینئر حماس رہنما کو نشانہ بنانے کی تصدیق کردی ۔غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل نعیم ابو نحل شہید ہوگئے، جبکہ فلسطینی خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ غزہ کی وزارت داخلہ کے مطابق 50 سالہ ابو نحل منگل کو ایک سڑک پر پیدل جارہے تھے کہ ڈرون حملے کا نشانہ بن گئے۔ میزائل ایسے گنجان علاقے میں گرا جہاں بے گھر فلسطینیوں کی بڑی تعداد پناہ لیے ہوئے ہے۔ زخمیوں کو الشفا میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔ حماس نے واقعے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اسرائیل غزہ میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے۔