کراچی (اسٹاف رپورٹر )سپر ہائی وے نجی یونیورسٹی کے قریب فائرنگ کے پر اسرار واقعہ میں نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے ساتھ موجود دوست کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی، ایس ایچ او چوہدری محمد نواز نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ مشکوک معلوم ہورہاہے،مقتول کیساتھ موجود دوست مشکوک بیانات دے رہا ہے ،دونوں گنا منڈی کے رہائشی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سپر ہائی نجی یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت 22 سالہ اسامہ ولد خان عالم کے نام سے ہوئی ۔ بعد ازاں اسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچی ۔ ایس ایچ او چوہدری محمد نواز نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ مشکوک معلوم ہورہاہے ۔ مقتول نوجوان اور اس کا دوست عرفان دونوں گنا منڈی کے رہائشی ہیں ۔وہ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ مقتول کے ساتھ موجود دوست عرفان پولیس کو مشکوک بیانات دے رہاہے ۔