کراچی (اسد ابن حسن)کروڑوں کا چاندی سونا غائب ہونے کی گتھی نہ سلجھ سکی۔دو ڈپٹی ڈائریکٹرز, مال خانہ انچارج اور تفتیشی افسر کی غفلت اور کوتاہی، سامان SBP لاکر نہیں منتقل اور پھر غائب ۔ تفصیلات کے مطابقایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں 65کلو چاندی اور 40 تولہ سونا جس کی مالیت تقریبا 7کروڑ روپے تھی اور اس کے غائب ہونے کے گتھی اب تک سلجھ نہ سکی ہے اور نہ ہی غائب چاندی سونا برامد ہو سکا ہے۔ اس حوالے سے ایک تحقیقاتی ٹیم جو اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈائریکٹر قمر الزماں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سنیہ قریشی اور کراچی کے انسپکٹر فیصل اور سب انسپکٹرمہتاب طارق پر مشتمل تھی، چاروں افسران کا تعلق سی ٹی ڈبلیو سے تھا اس کے سامنے بہت سے نئے حقائق آئے ہیں۔ تفتیشی ٹیم کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دو سرکل سربراہوں تفتیشی افسر اور ایس ایچ او نے ضبط چاندی سونا اسٹیٹ بینک کے لاکر میں رکھوانے میں کوتاہی اور غفلت کی۔ جس تجوری میں چاندی اور سونا تھا وہ 13 دن تک سرکل سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر علی مردان کے کمرے میں رکھی رہی اور چاندی اور سونا ایس او پی کے مطابق نہ اسٹیٹ بینک لاکر میں اور نہ ہی زونل آفس میں منتقل کیا گیا، جبکہ پورا دفتر کاٹن ایکسچینج بلڈنگ میں منتقل ہو چکا تھا۔ 20 مئی سے 9جون تک نہ تو کوئی سرکل میں ڈپٹی ڈائریکٹر تھا اور نہ ہی ایس ایچ او۔ بعد میں چاندی سمیت تجوری مال خانے میں ٹرانسفر کر دی گئی۔