کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں چھوٹے بھائی نے گھریلو تنازع پرچھری کے وار کر کے بڑے بھائی کو قتل کر دیا، واقعہ کامران چورنگی کے قریب جنریٹر کی دکان پرپیش آیا جہاں دونوں بھائیوں میں گھریلو تنازع پر تلخ کلامی ہوئی اور نوبت قتل تک پہنچ گئی،مقتول کی شناخت 25سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے ملزم فیصل کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیاہے۔تفصیلات کے مطابق گلستانِ جوہر تھانے کی حدود بلاک 4، کامران چورنگی کے قریب واقع جنریٹر کی دکان میں تیز دھار آلے کے وار سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت 25 سالہ شہزاد ولد ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا ۔ایس ایچ او گلستانِ جوہر محمد نعیم کےمطابق دونوں بھائیوں کے درمیان گھریلو تنازع پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔