کراچی (اسٹاف رپورٹر) ابھی مائیکرو فنانس بینک کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ مکمل ، حصص کی ٹریڈنگ کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں روایتی گونگ (گھنٹہ) بجانے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مالیاتی شعبے کی اہم شخصیات اور بینک کی قیادت نے شرکت کی۔تقریب میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کمشنر ذیشان آر خٹک، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ سبزواری، ووسٹوک ایمرجنگ فنانس اور اسپیڈ انویسٹ کے نمائندوں سمیت ابھی مائیکرو فنانس بینک کی اعلیٰ قیادت موجود تھی۔ابھی مائیکرو فنانس بینک نے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے 13 کروڑ 20 لاکھ حصص فروخت کیے، جن میں سے 75 فیصد ادارہ جاتی سرمایہ کاروں جبکہ 25 فیصد عام سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابھی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمیر انصاری نے کہا کہ آج کا دن ابھی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ادارے نے 2021 میں ایک فن ٹیک کمپنی کے طور پر اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور اب ابھی مائیکرو فنانس بینک پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ہوچکا ہے۔