کراچی (سید محمد عسکری ) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی نے میٹرک بورڈ میں 1988کے ایک امیدوار کو ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ شکایت میں بورڈ سیکریٹری نوید احمد اور دیگر کا نام شامل ہے۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری خط کے مطابق رول نمبر 103937 کے حامل امیدوار کو ڈی گریڈ میں کامیاب ظاہر کرتے ہوئے ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا، حالاں کہ نتیجے اور ریکارڈ پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ معاملہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں بھی رپورٹ ہوا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 3 جولائی 2024 کو متعلقہ حکام کی ہدایت پر ہونے والی انکوائری میں کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں سرٹیفکیٹ پر ایم نوید احمد کے دستخط ہونے کا ذکر کیا تھا۔ بعد ازاں 12 اگست 2024 کو محکمہ جامعات و بورڈز کے سیکشن افسر نے ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز کے تحت کارروائی کی سفارش کی، تاہم شکایت کنندہ کے مطابق معاملے کا مؤثر نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ اینٹی کرپشن نے بورڈ کے چیئرمین سے تین یومِ کار میں متعلقہ ریکارڈ، انکوائری رپورٹ، اجلاسوں کی کارروائی اور دیگر دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بورڈ کے متعلقہ افسران کو بھی ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوکر وضاحت دینے کے لیے کہا گیا ہے۔ رپورٹ خصوصی جج اینٹی کرپشن کراچی کو پیش کی جائے گی۔ واضح رہے وزیر برائے بورڈز و جامعات اسماعیل راہو کی بنائی گئی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے امتحانی مراکز کے تعین میں بے ضابطگیوں اور بعد ازاں امتحانی مراکز کی تبدیلیوں سے متعلق شکایات سے متعلق اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے کہا تھا کہ سکریٹری نویم گجر اہم قانونی فیصلوں کو نافذ کرنے میں ناکام رہے، پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک نااہل افسر کو قائم مقام کنٹرولر امتحانات کے طور پر تعینات کرنے کی اجازت دی۔ اس کی کمزور نگرانی، بورڈ کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہونا، اور بے قاعدہ پوسٹنگ کو روکنے میں ناکامی گورننس کی خرابی کی عکاسی کرتی ہے اور امتحانی نظام میں بدانتظامی میں بالواسطہ طور پر حصہ ڈالتی ہے۔ کمیٹی نے کہا تھا کہ ڈاکٹر نوید احمد گجر پر انتظامی غفلت، قانونی فیصلوں کو چھپانے اور بورڈ کی پالیسیوں کو نافذ کرنے میں ناکامی کی ذمہ داری مقرر کی جا سکتی ہے۔ تادیبی کارروائی شروع کی جا سکتی ہے، اور معاملے کو مجاز اتھارٹی کو بھیجا جائے تاکہ وہ عہدے پر برقرار رہنے کے لیے اس کی مناسبیت کا جائزہ لے۔ کمیٹی نے کہا تھا کہ مجموعی نتائج سے بورڈ کے اندر حکمرانی، انتظامی کنٹرول، اور طریقہ کار کی تعمیل کی سنگین خرابی کا پتہ چلتا ہے، خاص طور پر امتحان سے متعلقہ کاموں کے انعقاد میں۔ کلیدی عہدیداران بشمول چیئرمین، کنٹرولر اور دیگر ذمہ دار اہلکار، دیانتداری، اہلیت اور جوابدہی کی مطلوبہ سطح کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں امتحانی مراکز کے تعین میں بدانتظامی، غیر مجاز مداخلتوں اور شفافیت پر سمجھوتہ کیا گیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد بورڈ کے چیرمین غلام حسین سہو مستفی ہوگئے تھے جب کہ کنٹرولر حمزہ خان تگڑ کو ھٹادیا گیا تھا تاہم وزیر بورڈز و جامعات سیکریٹری نوید احمد گجر کے خلاف کوئ ایکشن نہیں لے سکے تھے۔