کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ پی سی بی نے بدھ کی شب اعلان کیا کہ پی ایس ایل کی 8 میں سے 6 فرنچائزز نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے براہ راست معاہدے کرلیے۔ راولپنڈیز نے آسٹریلوی کرکٹر میتھیو شارٹ سے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں معاہدہ کرلیا۔ میتھیو شارٹ پی ایس ایل 12 کی براہ راست سائننگ میں سب سے مہنگے کھلاڑی قراردیئے گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن سے 7 کروڑ 63 لاکھ روپے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری سے 7 کروڑ 7 لاکھ روپے، لاہور قلندرز نے سری لنکا کے کمنڈومینڈس سے 6 کروڑ 38 لاکھ روپے ، کراچی کنگز نے انگلینڈ کے عادل رشید سے 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ، ملتان سلطانز نے آسٹریلیا کے لانس مورس سے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں معاہدہ کرلیا۔ پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے کسی کھلاڑی سے براہ راست نیا معاہدہ نہیں کیا۔ پی ایس ایل کے 12 ویں ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری کو ہوگی، پی سی بی کے مطابق فرنچائزز کیلئے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ 13 جنوری مقررہے۔ ہر فرنچائز براہ راست سائن کیے گئے کھلاڑی سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکے گی۔ 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے والی فرنچائز کو گزشتہ نیلامی کی سب سے مہنگی کیٹیگری سے ایک کھلاڑی ریلیز کرنا ہوگا۔ فرنچائزز کو پی ایس ایل کے گزشتہ دو ایڈیشنز میں نہ کھیلنے والے کسی ایک کھلاڑی سے براہ راست معاہدے کا اختیار دیا گیا تھا۔ پی ایس ایل 12 کیلئے ہر فرنچائز کی سیلری کیپ 45 کروڑ روپے مقررہے۔ نئی براہ راست سائننگ یا گزشتہ سیزن میں براہ راست سائن کیے گئے کھلاڑی کو برقرار رکھنے پر سیلری کیپ 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوسکے گی ۔ ہر فرنچائز کیلئے کھلاڑیوں پر کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ پشاور میں ہوگا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔ دفاعی چیمپئن پشاورزلمی ڈائرکٹ سائننگ نہیں کرے گی ۔ اس نے اپنے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا، حیدرآباد کنگزمین نے بھی ڈائریکٹ سائننگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔