• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف میگا کریک ڈائون کا آغاز

ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ ملتان نے آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے میگا کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے آٹے کی گراں فروشی میں ملوث 12دکانوں کو سربمہر کر دیا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 3 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید نے بھی فیلڈ میں مختلف فلور ملز کا دورہ کیا اور سرکاری نرخوں اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر 6 فلور ملز کو سربمہر کر دیا۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت 1275 روپے مقرر ہے جبکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں 500 سے زائد سستے آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں روزانہ 35 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلوں کی سپلائی جاری ہے تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں۔
ملتان سے مزید