• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظام ری سیٹ مقتدر حلقوں نہیں پارلیمنٹ سے ہو، بلاول بھٹو

ملتان (اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران‘ مہنگائی‘ سیاسی عدم استحکام اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے‘ ایسے حالات میں ملکی نظام کو جمہوری اور سیاسی بنیادوں پر ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے ، یہ عمل کسی غیر سیاسی یا مقتدر حلقوں کے فیصلوں کے ذریعے نہیں بلکہ پارلیمنٹ، حکومت‘اپوزیشن اور تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہونا چاہیے‘گلگت بلتستان کو بھی صوبائی حیثیت دینے پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا جا سکتا ہے‘موجودہ حالات میں وزیراعظم اور حکومت کو کمزور کرنے کے بجائے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے‘یہی اصول وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے بھی لاگو ہوتا ہے‘مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو واپس کرنا اعتماد سازی کا ایک اہم اقدام ہو سکتا ہے‘ ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے ۔صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی‘ پنجاب اور سندھ اسمبلی میں صوبوں پرقرارداد پیش کی جاچکی، ہم دونوں اسمبلیوں کے فیصلےکیساتھ ہیں، صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرایا تو متنازع ترین ہوگا‘نظام ری سیٹ یا ری بوٹ کرنا ہے تو جمہوری اورآئینی انداز میں ہو‘ایسا مزاحمت نہیں بلکہ مفاہمت سے ہوگا‘اس ملک کا سسٹم کولیپس ہے تو کیوں ہے ‘ 1973 ءکے آئین کو بھی بار بار کولیپس کروایا گیا ہے۔اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش کروانا ممکن نہیں‘ پارلیمنٹ سے باہر ہونے والے فیصلے ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے۔ انتخابی اور عدالتی اصلاحات کے بغیر نظام کی بہتری ممکن نہیں‘ایسا لگ رہا ہے معاشی بحران بہتر نہیں ہوگا، مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘ میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں‘میں نے پنجاب کے چار ٹکڑے کی بات کبھی نہیں سنی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹوکاکہناتھاکہ آج پورا ملک غیر معمولی معاشی بحران سے دوچار ہے ،سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو حقائق سے آگاہ کریں، مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے‘نوجوان بھی روزگار سے محروم ہیں‘اگر پارلیمنٹ کو موثر بنانا ہے تو ملک کے تمام اہم فیصلے بھی پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں‘عدالتی نظام میں بھی اصلاحات اور سیاسی جماعتوں کے اعتماد کی بحالی ضروری ہے‘انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’’بروٹ میجارٹی‘‘ کی اصطلاح کسی سیاسی جماعت کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال نہیں کی بلکہ ان کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ مکمل اتفاق رائے سے منظور ہونے والے قوانین زیادہ مضبوط ہوتے ہیں‘۔

اہم خبریں سے مزید