• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 13 نومبر 2026 تک 18 ہزار 980 خاندانوں کو 112 ارب روپے سے زائد کے رہائشی قرضے فراہم کیے جا چکے

اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 13 نومبر 2026 تک 18ہزار980خاندانوں کو112 ارب روپے سے زائد کے رہائشی قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ رواں مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں اس پروگرام کے لیے 71 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہےجس سے 835 ارب روپے تک کی ہاؤسنگ فنانسنگ ممکن ہوگی۔سرکاری حکام کے مطابق 13 نومبر 2026 تک پروگرام کے تحت 93,847 درخواستوں پر 558 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔سرکاری حکام کے مطابق جون 2026 کے بعد سے اپنا گھر پروگرام کے تحت آسان قرض کی فراہمی کی رفتار میں 404 فیصد اضافہ ہوا ہے۔سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ گھر کی ملکیت کو عام آدمی کی دسترس میں لانے کے لیے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ پاکستان میں رہائشی مکانات کی کمی کا تخمینہ 90 لاکھ سے 1 کروڑ 20 لاکھ یونٹس کے درمیان ہے۔سرکاری حکام کے مطابق پاکستان میں Mortgages جی ڈی پی کا صرف 0.3 فیصد ہیں، جبکہ انڈونیشیا میں 12 فیصد اور ملائیشیا میں 30 سے 40 فیصد ہیں۔ اس خلا کو پر کرنا ہے۔سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ایک گھر کی تعمیر ایک خاندان کو ذہنی سکون اور تحفظ کا احساس دیتی ہے، جبکہ ہاؤسنگ سیکٹر کی سرگرمیوں میں اضافے سے قومی معیشت کے پہیے کی رفتار بھی تیز ہوتی ہے، کیونکہ اس کے ساتھ تقریباً 40 دیگر صنعتیں اور کاروبار بھی وابستہ ہیں، جس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں 1 ہزار ارب روپے کے قرضے دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جون 2027 تک ڈیڑھ لاکھ گھروں کی فنانسنگ کی جائے گی، قرضوں کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، قرضوں کی تقسیم میں سیاسی سفارش یا اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی، بینک درخواست گزاروں کے لیے طریقہ کار آسان بنائیں گے، یہ پروگرام مزدوروں، بیواؤں، یتیموں، کسانوں اور متوسط طبقے کے لیے ہے۔سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے 5 بینکوں میں UBL سرفہرست رہا، جس نے 15,692 قرضوں کے ذریعے 69 ارب روپے سے زائد قرضے جاری کیے۔ اس کے بعد HBL، بینک الفلاح، میزان بینک اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان 5 بینکوں کو بلیو پاسپورٹ دیے جائیں گے۔سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف 2029 تک پانچ لاکھ خاندانوں کو اپنے گھر کا مالک بنانا ہے، تاکہ وہ ہر مہینے وہ جو قسط ادا کریں وہ انہیں اپنے گھر کا مالک بنائے، اور ان کو کرایوں سے نجات ملے۔اپنا گھر پروگرام، جسے گھر ہو تو اپنا بھی کہا جاتا ہے، 30 اپریل 2026 کو شروع ہوا۔

اہم خبریں سے مزید