• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون ونڈو سہولت سے عدالتی طریقہ کار آسان ہوگا، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

لاہور (کورٹ رپورٹر) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں لاہور بار ایسوسی ایشن اور لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا لاہور رجسٹری میں سائلین اور وکلاء کی سہولت کے لیے پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، سینٹر میں اسلام آباد کی طرز پر تمام 35 عدالتی خدمات فراہم کی جائیں گی، سائلین اور وکلاء کو ون ونڈو نظام کے تحت تمام متعلقہ سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی، عدالتی معلومات، طریقۂ کار سے متعلق رہنمائی اور درخواستوں کے حوالے سے معاونت فراہم کی جائے گی، سائلین اور وکلاء کو مختلف کاؤنٹرز پر جانے کی ضرورت کم ہوگی،ون ونڈو سہولت سے عدالتی طریقہ کار آسان ہوگا اور بروقت خدمات کی فراہمی میں مدد ملے گی،چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا سائلین اور وکلاء کو درپیش عملی مشکلات کے حل کے لیے بینچ اور بار کے درمیان باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ ضروری ہے، بینچ اور بار کے مؤثر تعاون سے انصاف کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے،انھوں نےبار نمائندگان کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کیا،وفد میں صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بابر مرتضیٰ خان، فنانس سیکرٹری ملک علی رضا کھوکھر ایڈووکیٹ اور ملک تنویر ایڈووکیٹ شامل تھے۔قبل ازیں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت پنجاب میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم، رجسٹرار سپریم کورٹ اور رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ،سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب راجہ جہانگیر انور، چیف آرکیٹیکٹ احمد مدثر اور جنرل منیجر ایس پی یو مظہر منصور شریک ہوئے،اجلاس میں فیصل آباد اور میانوالی میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز اور فیملی کورٹس کے قیام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا،چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ملک بھر میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام سال 2026-27 کے لیے لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی اہم ترجیح ہے، ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز میں خواتین کو ون ونڈو نظام کے تحت عدالتی معلومات، قانونی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید