• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکریٹری میٹرک بورڈ کی غلط تقرر نامے کی بنیاد پر گریڈ 19 کی تنخواہ لینے کا انکشاف

کراچی( سید محمد عسکری) میٹرک بورڈ کراچی میں عارضی بنیادوں پر تعینات گریڈ 18کے سکریٹری نوید احمدگجر کی جانب سے ایک غلط تقرر نامے کی بنیاد پر گریڈ 19کی تنخواہ لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف آڈٹ رپورٹ میں ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 کے چیئرمین، بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن، کراچی کے دفتر کے آڈٹ کے دوران یہ دیکھا گیا کہ سیکریٹری کا عہدہ ڈاکٹر نوید احمد، ڈپٹی سیکریٹری (BPS-18) کے پاس تھا، جو اسٹاپ گیپ کی بنیاد پر تھا۔ تاہم، وہ باضابطہ ترقی یا مطلوبہ معیار کی تکمیل کے بغیر BPS-19 میں تنخواہ لے رہا تھے جب کہ اس کی کنٹرولنگ اتھارٹی سے منظوری یا اہلیت اور تجربے کے معیار کی تکمیل کا کوئ ریکارڈ نہیں ملا۔ غیر قانونی تقرریوں سے نہ صرف ریکروٹمنٹ رولز کی خلاف ورزی ہوتی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں غیر مجاز مالی فوائد بھی ہوتے ہیں اور انتخابی عمل میں شفافیت اور انصاف کے حوالے سے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ آڈٹ کا خیال ہے کہ منظور شدہ قواعد کی تعمیل کے بغیر سیکرٹری کی چارج کی تفویض بے قاعدہ تھی، جس کے نتیجے میں غیر ضروری مالی بوجھ پڑا اور اندرونی انتظامی کنٹرول کمزور ہوئے۔ جنگ نے جب گریڈ 18 کے ڈپٹی سیکریٹری نوید گجر کا بطور سیکریٹری 19 کا تقرر 11 اگست 2023 کا خط دیکھا جو اس وقت کے سیکریٹری بورڈز و جامعات مرید راہموں کے سیکشن افسر زبیر کٹبر نے جاری کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ 18 گریڈ کے نوید احمد کو گریڈ 19 میں ایک سال کے لیے سیکریٹری تعینات کیا جاتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے سیکریٹری بورڈ و جامعات کسی بھی 18 گریڈ کے افسر کو 19 گریڈ میں تعینات نہیں کرسکتا یہ تعیناتی صرف او پی ایس کی بنیاد پر ہی ممکن ہے جس کے مطابق اسے عہدے کا چارج تو مل جاتا ہے مگر وہ اپنے اصل گریڈ میں ہی برقرار رہتا ہے اور اسی گریڈ کی تنخواہ لیتا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ خط اس وقت 11 اگست 2023 کو جاری کیا گیا جب نئے انتخابات کے باعث سندھ حکومت کی مدت ختم ہو چکی تھی اور نئے انتخابات ہونے والے تھے۔ اس دوران نئی تقرریوں اور تعیناتیوں پر پابندی تھی، مگر اس کے باوجود یہ خط جاری کردیا گیا۔ اسی خط کی بنیاد پر نوید احمد گجر نے 19ویں گریڈ کی تنخواہ وصول کی اور آڈٹ پیرا میں اس پر اعتراض اٹھایا گیا جس کے بعد اس کی دو سال کی اضافی تنخواہ کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ بعد ازاں سیکریٹری بورڈ عباس بلوچ کے دور میں تقرر نامے کو درست کرے بغیر 6 ستمبر 2024 اور 2 دسمبر 2025 کو نوید احمد گجر کو خاموشی سے مزید ایک ایک سال کے لیے سیکریٹری مقرر کردیا گیا اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نوید گجر کے تین سالہ دور میں بی او جی کے مختلف اجلاس ہوئے، لیکن کسی کی منظوری حاصل نہیں کی گئی اور اس دوران بورڈ میں ٹینڈرز کے اجرا، فرنیچر کی فراہمی اور ایندھن کی خریداری سمیت مختلف معاملات میں بدعنوانی کی سنگین شکایت بھی موصول ہوئیں۔ نوید احمد گجر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستعفی ہونے والے چئیرمین بورڈ غلام حسین کے دور میں جب گریڈ کے معاملے کی نشاندہی ہوئی تو میں نے خود درخواست دے دی کہ اگر میری تنخواہ قانون کے مطابق نہیں تو اس کی وصولی کی جائے۔ تاہم میرا موقف تھا کہ میرا آرڈر ایک سال کے براہِ راست مدت کا تھا، اس میں نہ اوپی ایس درج تھا اور نہ ایڈیشنل چارج مگر اس کے باوجود میں نے خود درخواست دے کر مکمل وصولی کروائی، آڈٹ پیرا بھی بنا اور اب معاملہ حل ہو چکا ہے۔
اہم خبریں سے مزید