• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضابطہ شنواری کا پروفیسر سعدیہ خلیق کے خلاف سول مقدمہ، اساتذہ برہم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمنِ اساتذہ، عبدالحق کیمپس نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی جانب سے شعبہ ارضیات کی استاد اور انجمنِ اساتذہ گلشن اقبال کیمپس کی صدر پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ خلیق کے خلاف سول مقدمہ دائر کرنے اور انہیں عدالتی سمن جاری کروانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اساتذہ کی آواز دبانے اور منتخب نمائندوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انجمنِ اساتذہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سید اقبال حسین نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالتی دستاویزات کے مطابق وائس چانسلر نے ڈاکٹر سعدیہ خلیق کے خلاف سول سوٹ نمبر 3222/2026 دائر کیا ہے، جس میں ہرجانے، مستقل حکمِ امتناعی اور ڈیکلریشن کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت کی جانب سے انہیں جواب داخل کرنے اور مقررہ تاریخ پر پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ محض ایک عدالتی مقدمے تک محدود نہیں بلکہ یونیورسٹی میں علمی ازادی، اختلافِ رائے، اساتذہ کے حقِ نمائندگی اور خواتین اساتذہ کے وقار و تحفظ سے بھی تعلق رکھتا ہے۔ وائس چانسلر کا منصب اساتذہ کو خوف زدہ کرنے یا منتخب نمائندوں کو قانونی کارروائیوں میں الجھانے کے لیے نہیں ہے۔ ڈاکٹر سید اقبال حسین نقوی نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی خواتین اساتذہ کے ساتھ وائس چانسلر کے رویے کے حوالے سے سنگین شکایات اور معاملات سامنے آ چکے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت نے اسلام آباد کیمپس کی ایک خاتون استاد کی شکایت پر وائس چانسلر کو خواتین اساتذہ کے بارے میں صنفی امتیاز پر مبنی توہین آمیز ریمارکس دینے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سرزنش کی سزا سنائی تھی۔
اہم خبریں سے مزید