کراچی ( سہیل افضل )یو اے ای کا 55 واں قومی دن،کراچی قونصلیٹ میں شاندار تقریب۔ عید الاتحاد کی تقریب کے وزیر اعلی مراد علی شاہ اور پی پی رہنما فریال تالپور مہمان خصوصی تھے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا ایک قابلِ اعتماد دوست اور برادر ملک ہے۔ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل جناب بخیت عتیق الرومیتھی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات ( یو اے ای )کے 55ویں قومی دن،، عید الاتحاد،کے موقع پر کراچی قونصلیٹ میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ا ور پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور تھے ، اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی مہمانوں کا استقبال کرنے استقبالیہ پر موجود تھے ،بخیت عتیق الرومیتی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ان کےساتھ فوٹو سیشن بھی کرائے ،قونصلیٹ میں ساتوں امارات کے الگ الگ ثقافتی پویلینز قائم کئے گئے تھے اس موقع پر پاک امارات دوطرفہ تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ،کراچی میں موجود دیگر قونصلیٹ کے سفارت کاروں ،کاروباری برادری کے نمائندہ افراد،صوبائی وزیر شرجیل میمن،آئی جی سندھ اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کا اعادہ کیا، تقریب نے متحدہ عرب امارات کی قومی شناخت، بھرپور ثقافتی ورثے، شاندار ترقیاتی سفر اور پاکستان کے ساتھ پائیدار دوستی کا جشن منانے کا موقع فراہم کیا۔۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے پاک یو اے ای دوطرفہ فوٹو نمائش کا بھی مشاہدہ کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی، سفارتی روابط اور کثیر الجہتی تعاون کو نمایاں کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے یو اے ای ویزا سینٹر کا دورہ کیا تاکہ وہاں کی سہولیات، خدمات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سید مراد علی شاہ نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو ان کے 55ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، بھائی چارے اور مشترکہ مفادات پر مبنی غیر معمولی قریبی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا متحدہ عرب امارات پاکستان کا ایک قابلِ اعتماد دوست اور برادر ملک ہے۔ ہمارے تعلقات کی جڑیں دہائیوں پر محیط دوستی، باہمی احترام اور تعاون میں پیوست ہیں۔ ہم پاکستان اور اس کے عوام کے لئے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنی بصیرت افروز قیادت میں شاندار ترقی کی ہے اور معاشی ترقی، جدت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے ایک عالمی مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی اور عوامی سطح پر تبادلوں کے شعبوں میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل جناب بخیت عتیق الرومیتھی نے وزیرِاعلیٰ کا خیرمقدم کیا اور تقریبات میں ان کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔