وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نواز شریف کو باہر بھیجنے کے حامی نہیں ہیں۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں فواد چوہدری نے بتایا کہ میرے خیال میں سب وفاقی وزراء کا اس معاملے میں حامی ہونا مشکل ہے ، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنےکے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری موصول نہیں ہوئی ہے، نہ ہی ابھی تک ایسی کوئی سمری کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی، بہر حال دیکھتے ہیں پار ٹی کیا فیصلہ کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو پہلے قوم سے معافی مانگنی چاہیے، یہ لوگ اپنے دور میں ایسا اسپتال بھی نہیں بنا سکے جہاں نواز شریف کا علاج ہوسکتا۔