• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 6 ملزمان گرفتار، ڈکیتی میں مزاحمت پر 1 شخص زخمی

کراچی میں پولیس نے مختلف الزامات کے تحت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایک شخص ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔

کراچی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مچھر کالونی اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔

اے وی ایل سی کے ہاتھوں 2 کار لفٹرز پکڑے گئے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی کار برآمد کرلی گئی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مچھر کالونی میں منشیات فروشوں کے اڈے پر چھاپہ مارا اور گینگ وار منشیات فروش عارف لنگڑا اور محمد خان ممدو کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار منشیات فروشوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات ملی ہے، ملزم محمد خان عرف ممدو بی ایل اے کے کمانڈر وسیم کچھی کا ساتھی ہے، وسیم کچھی قانون نافذ کرنے والے ادارے سے مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔

‎ایس ایس پی اے وی ایل سی سرفراز نواز کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی سے 2 انتہائی مطلوب کار لفٹرز عطاء محمد لاشاری اور ارسلان خان پکڑے گئے۔

عطاء محمد لاشاری اس سے قبل 2 مرتبہ گرفتار ہو چکا ہے، ملزم کے خلاف اتحاد ٹائون، کورنگی، گارڈن، عزیز بھٹی اور فریئر میں 10 مقدمات درج ہیں۔

‎سرفراز نواز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور چھینی گئی کار برآمد کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: سولجر بازار میں اے ٹی ایم سے چوری کرنے والا گرفتار

ادھر ‎پولیس نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے 2 منشیات فروشوں ‎منظور اور صدام کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان سے 3 کلو سے زائد منشیات اور 2 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم برآمد ہوئی ہے۔

نارتھ کراچی باڑہ مارکیٹ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نور خان نامی شخص ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔

تازہ ترین