پنجاب بھر میں پولیس نے بچوں سے زیادتی کے ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، کئی شہروں میں کارروائی کر کے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پنجاب میں پولیس کی جانب سے بچوں سے زیادتی کرنے والے ملزمان کے خلاف ایکشن جاری ہے۔
فیصل آباد میں کم عمر لڑکوں کو نشے کا عادی بنا کر زیادتی کرنے اور ان کی فحش ویڈیو بنانے والا 5 رکنی گروہ گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے موبائلز سے کم عمر لڑکوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بھی برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ اس گروہ میں شامل 2 خواتین کی تلاش جاری ہے۔
گوجرانوالہ کے گاؤں دلاور چیمہ میں بچوں سے زیادتی کرنے اور ان کی ویڈیوز بنانے والے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم بچوں کو ویڈیو گیمز کھیلنے کے بہانے بلاتا اور انہیں زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔
یہ بھی پڑھیئے: بچوں سے زیادتی کے ملزم سے متعلق مزید انکشافات
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے لیپ ٹاپ سے 11 بچوں کی ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں، جبکہ ابھی تک صرف 2 بچوں کے والدین قانونی کارروائی کے لیے سامنے آنے کو تیار ہوئے ہیں۔
گجرات پولیس نے بھی ایک کارروائی میں لڑکے سے زیادتی کر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او گجرات کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، کم سن بچوں سے زیادتی کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔