• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورنج لائن میٹرو ٹرین آزمائشی سفر پر چل پڑی


اورنج لائن میٹرو ٹرین نے آج سے پورے روٹ پر آزمائشی سفر کا آغاز کردیاہے، یہ ٹرین ڈیرہ گوجراں سے علی ٹاؤن تک 27 کلومیٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طے کرے گی، تاہم شہریوں کو ٹرین پر سفر کیلئے ابھی مزید3 ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔

بجلی سے چلنے والی یہ آٹو میٹک مکمل ایئر کنڈیشنڈ ٹرین ڈیرہ گوجراں جی ٹی روڈ سے علی ٹاؤن ٹھوکر نیاز بیگ تک 27 کلومیٹرکا فاصلہ 27 اسٹیشنوں پر رُکتے ہوئےصرف 45 منٹ میں طے کرے گی، ٹرین کو بلاتعطل بجلی سپلائی کرنے کے لئے دو بجلی گھر بنائے گئے ہیں ۔

سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے چار سال چار ماہ قبل اگست2015ءمیں اورنج لائن ٹرین کا کام شروع کرایاتھا، ایک ا عشاریہ 62 بلین ڈالر کی لاگت کے اس منصوبے کو دسمبر 2017ء میں مکمل ہونا تھا،لیکن عدالتی حکم امتناعی اورحکومتوں کی تبدیلی کےباعث یہ منصوبہ دوسال کی تاخیر کاشکار ہوا۔

یہ بھی پڑھیے: اورنج لائن منصوبہ جنوری2020ء تک مکمل کرنے کی ہدایت

شہباز شریف نے اپنی حکومت کے خاتمےسےپہلے2مقامات پرآزمائشی ٹرین چلا دی تھی،تاہم چوبرجی سے لکشمی چوک تک کے ڈیڑھ کلو میٹر انڈرگراؤنڈ پورشن پر کام مکمل ہونا ابھی باقی تھا۔

اس روٹ پر چلنے والی ہر ٹرین دو انجنوں اور3 مسافر بوگیوں پر مشتمل ہو گی جس میں 200مسافروں کے بیٹھنے اور 800کےکھڑے ہونےکی گنجائش ہے،ٹرین روزانہ 16 گھنٹے سروس فراہم کرے گی۔

تازہ ترین