• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم کا دورۂ سعودیہ کا شیڈول تبدیل

وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، وزیرِ  اعظم عمران خان نے آج ساڑھے 9 بجے سعودی عرب روانہ ہونا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بھی وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی تھی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ روز لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے آج اسلام آباد میں اجلاس طلب کر رکھا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے واقعے میں ملوث ذمہ داروں کا فوری تعین کر کے کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔

لاہور واقعے پر طلب کیے گئے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اسلام آباد پہنچ گئے۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر سزا سے بچ نہیں پائیں گے، ہنگامہ آرائی اور تشدد کے ذمے داروں کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا۔

دوسری جانب وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پی آئی سی کا دورہ کیا ہے اور اسپتال انتظامیہ اور عملے سے مذاکرات کیے۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ قانون پنجاب نے استعفےکا مطالبہ مسترد کر دیا

یہ بھی پڑھیئے: وکلاء کے ہاتھوں فیاض چوہان کی پٹائی

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت ڈاکٹرز کو مکمل سپورٹ کرے گی، وکلاء نے اسپتال پر حملہ کر کے ظلم کیا، حملے کے ذمے داروں کو ضرور سزا ملے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وکلاء نے لاہور میں دل کےاسپتال پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ کر دیا تھا اور وہاں توڑ پھوڑ کی تھی، عملے کو بھی مارا پیٹا تھا، صحافیوں سے بھی بدتمیزی اور مار پیٹ کی، صوبائی وزیر فیاض چوہان کو تشدد کا نشانہ بنایا، باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے، پولیس اہلکاروں کو بھی زدو کوب کیا اور ان پر پتھراؤ کیا۔

اس صورتِ حال کے باعث ڈاکٹر اسپتال سے اپنی جانیں بچاتے ہوئے بھاگ گئے تھے، جبکہ کئی مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث چل بسے۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کل کے واقعے کے خلاف ڈاکٹروں اور عملے کے احتجاج کے باعث آج آؤٹ ڈور، اِن ڈور اور ایمرجنسی مکمل طور پر بند ہے، جبکہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے اسپتال کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

تازہ ترین