• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ کی کثیرالمنزلہ عمارتیں بنانے کی اجازت، خالی آسامیاں بھی پُر کرنے کی ہدایت

کابینہ کی کثیرالمنزلہ عمارتیں بنانے کی اجازت، خالی آسامیاں بھی پُر کرنے کی ہدایت


وفاقی کابینہ نے اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی کثیر المنزلہ عمارت بنانے کی اجازت دے دی جبکہ 4 ماہ میں خالی سرکاری آسامیوں کو پر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کابینہ نے اسلام آباد کے علاوہ اب باقی بڑے شہروں میں بھی کیثرالمنزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بعد اب کراچی، لاہور، پشاور، ملتان ایئر پورٹ کے ساتھ کیثرالمنزلہ عمارتوں کے لیے بھی این او سی کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے سامنے پہلی بار بیوروکریٹس کی کوتاہیاں سامنے لائی گئی ہیں، تمام وزارتوں کی غفلت بھی سامنے آئی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی بتایا کہ اب خالی آسامیوں کو 4 ماہ میں پُر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں میں لوگ نوکریوں کے لیے ترس رہے ہیں، ایک لاکھ 29 ہزار 301 آسامیاں خالی پڑی ہیں، جن کا بجٹ مل رہا ہے مگر لوگ بھرتی نہیں کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام انکوائریز 3 ماہ میں مکمل کرکے فیصلے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا 15 ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی گئی ایک واپس لے لیا گیا۔

علاوہ ازیں اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس میں لیگی رہنما کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کےلیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے تاہم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے علاوہ نیب نے بھی ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ کے دوران نواز شریف سے متعلق کہا کہ بیمار کو دوا لینے بھیجا تھا اور وہ دل پشوری میں لگ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شریف خاندان کو خط لکھ دیا گیا ہے، 48 گھنٹے میں تازہ ترین میڈیکل رپورٹس منگوالی گئیں ہیں۔

اتحادیوں کی ناراضی کے بارے میں بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا اتحادی حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کابینہ سے علیحدگی اختیار کی ہے، حکومت سے الگ نہیں ہوئے، یہ جمہوری عمل ہے ہم اس کو سراہتے ہیں، وزیراعظم اس عمل کو آگے بڑھائیں گے، فروغ نسیم کابینہ میں موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منایا اس کو جاتا ہے جو روٹھا ہو جو روٹھا نہ ہو اس کو منایا نہیں جاتا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطہ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا اور نہ ہی پاکستان کسی جنگ کا حصہ بنے گا، وزیر خارجہ کے دورہ ایران و سعودی عرب کا مقصد کشیدگی میں کمی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تازہ ترین