• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریکوڈک کے سونے سے متعلق بلوچستان اسمبلی میں تحریک التواءجمع

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ریکوڈک کا سونا غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لئے استعمال کرنے کا عندیہ دینے کے خلاف رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے بلوچستان اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی۔

ثناء بلوچ کا کہنا ہے کہ وفاق کی صوبوں کے وسائل میں مداخلت غیر آئینی ہے، وفاقی حکومت ریکوڈک کا سودا کر کے 18ویں ترمیم کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التواء میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 18ویں ترمیم و آئینی پاسداریوں کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوتے ہوئے بلوچستان کے قدرتی وسائل بالخصوص ریکوڈک کے ذخائر کو ملکی قرضوں کے اتارنے کے لئے استعمال کرنے کا عندیہ دیا ہے لہٰذا اسمبلی کی کارروائی روک کر اس اہم اور ضروری عوامی نقطے کے حامل معاملے کو زیربحث لایا جائے۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ثناء بلوچ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کی رو سے ہر صوبہ اپنے وسائل کا استعمال کرنے کامجاز ہے، وفاق کی صوبوں کے وسائل میں مداخلت غیر آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ریکوڈک کا سودا کر کے 18ویں ترمیم کی خلاف ورزی کر رہی ہے جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

تازہ ترین