پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف نے پاکستان آ کر اپنے ہی نمائندوں سے مذاکرات کیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بے شک ڈیل کریں مگر غریب عوام سے سودے بازی نہ کرے۔
بلاول نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ساری شرائط تسلیم کیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں بھی ہم آئی ایم ایف کے پاس گئے، تاہم اس کے لیے ہمارے پاس مربوط حکمتِ عملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو اہداف سے متعلق غلط بتایا، حکومت نے آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ٹیکس وصولی کا غلط ہدف دیا۔
یہ بھی پڑھیئے: اپوزیشن مہنگائی میں پسے عوام کیلئے سیاست کرے، بلاول
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ کل وزیرِ اعظم نے سیکیورٹی اداروں کو مہنگائی کی تحقیقات کرنے کا کہا ہے، کیا ہماری حکومت اتنی نا اہل ہے کہ سیکیورٹی اداروں سے تحقیقات کرائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت سے جان نکال رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی حکومت میں آنے کے بعد پہلا کام تنخواہ میں اضافے کا کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ روزگار دینے کے بجائے عوام کو بے روز گار کیا جا رہا ہے، معاشی فیصلے پاکستان کے عوام کو کرنا چاہئیں، عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ یہ حکومت نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو نقصان پہنچا رہی ہے، حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لوگوں کو فارغ کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: بلاول بھٹو زرداری کی نوشہرو فیروز آمد
بلاول نے کہا کہ بی آئی ایس پی پر حملہ کرنا غریب عوام سے دشمنی ہے، نالائق، نااہل، سلیکٹڈ حکومت سے شہید بے نظیر بھٹو کی تصویر برداشت نہیں ہو رہی۔
ان کا کہنا ہے کہ تاریخی مہنگائی اور غربت کے باوجود انکم سپورٹ پروگرام سے 9 لاکھ لوگوں کو نکالاجارہا ہے، اس قسم کے سیاست دانوں پر لعنت بھیجتے ہیں جو غریبوں کو لاوارث چھوڑے۔
پی پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت مشکل صورتِ حال سے گزر رہی ہے، حکوت نے غریبوں کو نہیں امیروں کو سہولت دی۔
انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کے بغیر شاپنگ اور تجارت نہیں کر سکتے، حکومت نے معیشت سے جان نکال دی، ٹیکس نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: بلاول بھٹو زرداری سے جرمن سفیر کی ملاقات
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر کے ڈنڈے کو استعمال کر کے معیشت کو ڈاکیومنٹ کرنا چاہتی ہے، ایک دن میں پوری معیشت کو دستاویز کی صورت میں نہیں لاسکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی مفاد اور انا کی وجہ سے غریب عوام سے کھیلا جا رہا ہے، یہ نالائقی کا ثبوت ہی ہے کہ ان کے پاس کوئی پلان تھا نہ پتا تھا کہ جانا ہے یا نہیں، ٹیکس نیٹ میں نہ ہونےکا مطلب چور اور ڈاکو ہونا نہیں۔