جنگ گروپ، دی نیوز، آواز اور جیو کے کارکن اور صحافی لاہور میں ڈیوس روڈ پر نکلے اور جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری پر احتجاج کیا۔
جنگ گروپ، دی نیوز، آواز اور جیونیوز کے صحافی اور کارکن بڑی تعداد میں لاہورمیں ڈیوس روڈ پر جنگ دفاترکے باہر جمع ہو گئے، جہاں انہوں نےجنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری، جیونیوز کی بندش اور اسے آخری نمبروں پر پھینکے جانے کےخلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔
صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سینئرصحافیوں سہیل وڑائچ، رئیس انصاری، مقصود بٹ، بیدار بخت بٹ، خالد فاروقی، عابد تہامی اور دیگر نے مظاہرے سے خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیے: میر شکیل الرحمٰن سے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دے دی
مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن نے ہمیشہ آزادی صحافت کا علم بلند رکھا، حکومت عوام تک سچی خبریں پہنچانےکی وجہ سے ادارہ بند کرنے کے درپے ہے، ایسا نہیں ہو نے دیں گے، جبکہ جنگ اور جیو کو عوام تک سچی خبریں پہنچانے کے جرم میں مختلف ادوار میں زیرِعتاب رکھا گیا، مگر اس ادارے نے تمام تر نقصانات کے باوجود سچ بولنے کی روش کبھی ترک نہیں کی۔
سینئر صحافیوں نے حکومت کو پیغام دیا کہ وہ منفی ہتھکنڈوں سےباز آجائے، حکومت اور نیب اپنی آئینی حدود میں رہیں، وزیر اعظم کے مشیر مسلسل انہیں غلط مشورے دےرہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: میر شکیل الرحمٰن کو دوا اور کھانے سے بھی محروم کردیا
صحافیوں نے اعلان کیا کہ یہ جنگ صرف جنگ گروپ اورجیو کی نہیں، پوری صحافتی برادری کی ہے، میر شکیل الرحمٰن کو عدالت سے انصاف کی امید ہے، انہوں نے جیو کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرنے اور میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔