• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت نے میر شکیل الرحمٰن سے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دے دی

عدالت نے میر شکیل الرحمٰن سے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دے دی


احتساب عدالت کے جج امیر حسین نے جنگ گروپ اور جیو نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن سے ان کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دے دی۔

اہل خانہ کی درخواست پر ریمارکس میں جج امیر حسین نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ میر شکیل الرحمٰن سے اہل خانہ کی ملاقات کے لیے قانون کے مطابق پیش رفت کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن بیمار ہیں، انہیں دواؤں کی ضرورت ہے۔ ناساز طبیعت پر میرشکیل الرحمٰن کی اہل خانہ سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقات ضروری ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو  12 مارچ (جمعرات ) کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا۔

نیب لاہور نے میر شکیل الرحمٰن کو پرائیویٹ پراپرٹی کیس میں طلب کیا تھا۔

گرفتاری سے قبل پیشی کے دوران میر شکیل الرحمٰن نے نیب کے تمام سوالات کے تسلّی بخش جوابات دیے تھے، تاہم 12 مارچ کو پیشی پر آنے کے بعد نیب لاہور نے اُنہیں گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے: میر شکیل الرحمٰن کو دوا اور کھانے سے بھی محروم کردیا

مذکورہ کیس میں میر شکیل الرحمٰن پر 34 سال قبل خریدی گئی جائیداد میں بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا جبکہ انہوں نے یہ جائیداد ایک نجی شخص سے خریدی تھی۔

اس حوالے سے میر شکیل الرحمٰن نے تمام شواہد نیب کے سامنے پیش کر دیے تھے جبکہ انہوں نے ڈیوٹی اور ٹیکسز جیسی تمام لازمی شرائط بھی پوری کی ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ نے اس گرفتاری پر سوال اٹھایا  کہ نیب نجی پراپرٹی معاملے میں ایک شخص کو کیسے گرفتار کر سکتا ہے؟

ترجمان جنگ گروپ کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو جھوٹے، من گھڑت کیس میں گرفتار کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو قانونی طریقے سے بے نقاب کریں گے۔

ترجمان جنگ گروپ نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن پر پہلے بھی کئی من گھڑت الزامات اور ایسے تمام کیسز قانون کی عدالت میں جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ کا کہنا تھا کہ ماضی میں میر شکیل الرحمٰن پر پہلے سیاسی لوگوں سے اور پھر بیرون ملک سے فنڈز لینے کے بھی جھوٹے الزامات لگائے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: میرشکیل الرحمٰن کےجسمانی ریمانڈ کا تحریری فیصلہ

ترجمان نے یہ بھی کہا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن پر غداری، توہینِ مذہب، ٹیکس چوری کے الزامات بھی لگائے گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنگ گروپ کے اخباروں اور جیو نیوز کے چینلز کو بند اور ان کا بائیکاٹ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ اور جیو نیٹ ورک سچ کا ساتھ دیتا رہے گا، پیچھے نہیں ہٹے گا۔

تازہ ترین