• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابی پیرزادہ کا عبایہ برینڈ متعارف کرانے کا اعلان

شوبز انڈسٹری سےکنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے عبایہ اور حجاب برینڈ متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر رابی پیرزادہ نے ایک کہانی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل  5 خواتین مدد مانگنے کیلئے ان کے دروازے کے باہر موجود تھیں۔

رابی کا کہنا تھا کہ ان خواتین نے کہا کہ آپ اداکاری کو خیرباد کہنے اور ذریعہ آمدن نہ ہونے کے باوجود ہماری مدد کرتی ہیں۔


رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ خواتین کی باتوں کے جواب میں وہ کچھ کہنے سے قاصر رہیں تو انہوں نے خود ہی اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ سلائی کرنا جانتی ہیں اور اپنے اس ہنر کو بروئے کار لاتے ہوئے اور ان کے گھر کی صفائی کر کے اور کھانا بنا کر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں۔

رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ گھر آنے والی خواتین کی باتیں سُن کر انہیں یہ ترکیب سوجھی کہ کیوں نہ خاتون کے ہنر کو استعمال کرتے ہوئےعبایہ(برقعہ) اور حجاب تیار کرکے فروخت کرنے کے نئے کام کا آغاز کیا جائے۔


رابی پیرزادہ نے اپنے حالیہ انسٹاگرام پیغام کے ذریعے بتایا کہ عبایہ اور حجاب بنانے کے کام کا آغاز ہوچکا ہے تاہم انہوں نے مداحوں سے ان کے برینڈ کا نام تجویز کرنےکے حوالے سے مدد طلب کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس بات پر بھی زور دیا کہ مخلوق کی مدد کرنا صدقہ جاریہ ہے۔

واضح رہے کہ شوبز انڈسٹری سے لاتعلقی اختیار کرنے کے بعد رابی پیرزادہ  خطاطی، پینٹنگ اور نعت خوانی کرنے لگی تھیں تاہم سابقہ گلوکارہ نے اب برینڈ متعارف کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

تازہ ترین