• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنتھیا کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست، وفاق و دیگر کو نوٹس جاری


اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وفاق، وزارتِ داخلہ، ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کو نوٹس جاری کر دیئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے درخواست کی سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سنتھیا رچی کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ان سے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے معلوم کہ ویزے کی میعاد ختم ہو چکی ہے؟

وکیل نے عدالت کو جواب دیا کہ سنتھیا ڈی رچی نے خود سوشل میڈیا پر ویزے کی میعاد ختم ہونے کا اعتراف کیا ہے، انہوں نے ایف آئی اے کو کہا ہے کہ وہ بزنس کر رہی ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ سنتھیا ڈی رچی نے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے خلاف سوشل میڈیا پر بیانات دیئے ہیں۔

عدالت نے چوہدری افتخار کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 جولائی تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ بلاگر، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور فلم میکر کہلانے والی امریکی شہری سنتھیارچی آج کل پاکستانی سوشل میڈیا پر تنازعات کی زد میں ہیں اور ان کے ٹویٹ اور ویڈیوز کا ہدف پیپلز پارٹی اور اُس کی اعلیٰ قیادت ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

سنتھیا رچی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

سنتھیا ڈی رچی کے خلاف اندراجِ مقدمہ کی درخواست خارج

سنتھیا رچی نے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی اور سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک پر جنسی زیادتی جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی، رحمٰن ملک اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سنتھیا رچی کے اِن الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے سنتھیا رچی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجوایا ہے جس کے جواب میں سنتھیا رچی نے بھی یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج رکھا ہے۔

تازہ ترین