• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: مزید 799 کورونا کیسز، 5 اموات


پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 799 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 5 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 476 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 217 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 437 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 7 ہزار 388 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 548 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 94 ہزار 392 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 34 ہزار 845 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 471 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 98 ہزار 686 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 229 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 470 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 258 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 288 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 181 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


کورونا وائرس کے بلوچستان میں 14 ہزار 765 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 3 ہزار 572 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 83 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 591 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 70 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 299 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 33 لاکھ 6 ہزار 515 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین