• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کسی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے، اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کے عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی جو کہ حکومت اور کابینہ چاہتی ہے، عمران خان نے 22 سال جدوجہد کی۔

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد عمران خان کو کامیابی ملی اور وہ وزیرِ اعظم کے منصب پر فائز ہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ووٹ کے ذریعے عوام نے وزیرِ اعظم بنایا ہے نہ کہ کسی ادارے نے، ہمیں کسی اور نے نہیں بلکہ عوام نے منتخب کیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے اب تک کا سب سے اہم ترین منصوبہ ہے جو تیزی سے جاری ہے، بھارت مسلسل سی پیک میں مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے سی پیک اہم ہے اور اس منصوبے کا سیکیورٹی اینگل ہے، سی پیک کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں فوج کی معاونت درکار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی افواج سی پیک کے منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے اور اس کی تکمیل کیلئے اپنا کردار بخوبی نبھا رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کوئی اصولی جھگڑا نہیں، نواز شریف چاہتے ہیں کہ ان کے پیسے بچانے کے لیے ادارے ان کی مدد کریں۔

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایا کہ آج پاکستان ہر مہینے 1100 وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے، ہم سیالکوٹ میں سمبڑیال کے مقام پر تکنیکی سینٹر بنا رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیصل آباد میں میڈیکل انڈسٹری کا قیام عمل میں لا رہے ہیں، پاکستان نے اپنی ڈائلیسز مشین بھی تیار کر لی ہے۔

تازہ ترین