• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کو واپس لانے کا ٹاسک دیدیا


وفاقی حکومت نے ایک بار پھر سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات دے دیں اور کہا کہ سابق وزیراعظم کو پاکستان لاکر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں ن لیگی قائد کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا اور پھر وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔


ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھ سکتی ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم نے اپوزیشن کی تحریک سمیت دیگر سیاسی معاملات دیکھنے کے لیے سینئر وزراء کی کابینہ کمیٹی بنادی ہے۔

کمیٹی میں اسد عمر، شفقت محمود، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہزاد اکبر اور ڈاکٹر بابر اعوان شامل ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا، اپوزیشن کو احساس ہوچکا ہے کہ این آر او نہیں ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے اداروں کو متنازع بنا رہی ہیں، حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔

تازہ ترین