• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتنا ڈر؟ وہ بھی ایک نہتی لڑکی سے؟ مریم نواز


مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ اتنا ڈر؟ وہ بھی ایک نہتی لڑکی سے؟

پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں آج اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے جلسےکے موقع پر پولیس کی جانب سے اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کرنے پر مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنا ڈر؟ وہ بھی ایک نہتی لڑکی سے؟

گوجرانوالہ میں پولیس نے جناح اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستے خار دار تار لگا کر بند کر دیئے ہیں، گل روڈ، منیر چوک، سیالکوٹ روڈ اور گوندنوالہ پھاٹک پر کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں۔

سیٹلائٹ ٹاؤن سے آنے والی سڑکوں پر بھی مزید کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں، جس کے باعث جناح اسٹیڈیم کی طرف پیدل آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم کے قریب ڈی ایچ کیو اسپتال جانے والے راستے بھی بند کیئے گئے ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر نارووال میں انتظامیہ و پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر کے شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے ہیں، جبکہ شکر گڑھ سے شاہ غریب جانے والی سڑک بھی بند ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اور سی پی او گوجرانوالہ نے جناح اسٹیڈیم کا دورہ کر کے پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کا پہلا پاور شو آج (جمعہ کو) گوجرانوالہ میں ہورہا ہے۔


پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جامعہ اشرفیہ لاہور، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کائرہ ہاؤس لالہ موسیٰ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ پہنچیں گے، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز جاتی امراء سے پہنچیں گی۔

ادھر پولیس نے نون لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاری کیلئے 250 سے زائد چھاپے مارے جبکہ سرگودھا اور بھلوال میں لیگی کارکنوں کے خلاف کورونا وائرس پھیلانے کے مقدمے درج کر لیے گئے، اپوزیشن کے جلسے میں شرکت روکنے کیلئے میانوالی میں بڑے بڑے کنٹینرز پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کو اسٹیڈیم بھرنے کا چیلنج دے دیا ہے اور وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے کیلئے سڑکوں پر کسی صورت جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ جناح اسٹیڈیم کو بھر کر دکھائیں، مگر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔

دوسری جانب متحدہ حزبِ اختلاف نے حکومت کا یہ چیلنج قبول کر لیا ہے۔

تازہ ترین