گزشتہ ماہ معروف اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے نامور گلوکار عُمیر جسوال کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے اپنی منگنی کے دن کُرتا شلوار پہننے کے بجائے جینز شرٹ پہن لی تھی جس کی وجہ سے ثنا اُن پر بےحد غصہ ہوئی تھیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عمیر جسوال نے اپنی اور اداکارہ ثنا جاوید کی منگنی کے دن کی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں اداکارہ خوبصورت لباس میں ملبوس ہیں جبکہ گلوکار نے روزمرہ کی جینز اور ٹی شرٹ زیب تن کی ہوئی ہے۔
عمیر جسوال نے انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ’یہ تصویر ہماری منگنی کے دن کی ہے، میں اس دن بہت جلدی میں تھا تو میں کُرتا شلوار پہن کر نہیں آیا تھا بلکہ جینز اور ٹی شرٹ میں ہی بائیک پر ثنا کے گھر پہنچ گیا تھا۔‘
گلوکار نے بتایا کہ ’جب ثنا نے مجھے دیکھا تو وہ بہت غصہ ہوئی اور کہا کہ عمیر آج کے خاص دن پر تو اچھے کپڑے پہن کر آجاتے۔‘
اُنہوں نےمزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ شدید غصے کے بعد جب ہم تصویر لینے لگے تو ثنا نے کہا کہ اب تو جیکٹ اُتار دو تاکہ ہماری تصویر اچھی آسکے۔‘
دوسری جانب ثنا جاوید نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منگنی کی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں اکیلی صوفہ پر بیٹھی ہیں۔
انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے ثنا جاوید کا کہنا تھا کہ ’جس وقت یہ تصویر لی گئی تھی اس وقت عمیر کا سوٹ تیار نہیں تھا۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی ثنا جاوید اور گلوکار عمیر جسوال نے اپنے نکاح کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔
شوبز جوڑی کے نکاح کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔