• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا قاتل پکڑا گیا


لاہور میں آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے پکڑ لیا۔

ملزم طاہر کو اس کے دوست محسن کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق ملزم طاہر نے ٹیکسی ڈرائیور محمد علی کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

ملزم کا پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہنا ہے کہ لڑکی سے ملنے کے لیے رائیڈ بک کی تھی، دیر ہوئی تو ڈرائیور نے گاڑی سے اترنے کا کہا۔

ملزم طاہر نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ جھگڑے کے دوران ڈرائیور محمد علی کو گولی مار دی تھی۔

واضح رہے کہ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور محمد علی کی لاش لاہور میں ساندہ کے علاقے سے ملی تھی۔

بھوگی وال باغبان پورہ کے رہائشی آن لائن ٹیکسی ڈرائیور 26 سالہ محمد علی نے 4 اور 5 جنوری کی درمیانی شب شالیمار کے علاقے سے رائیڈ بک کی تھی جس کے کچھ دیر بعد اس کا اہلِ خانہ سے رابطہ ہوا اور پھر اس کا موبائل فون بند ہو گیا تھا۔

ورثاء نے محمد علی کے اغواء کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کرایا تھا جس کے چند گھنٹوں بعد اس کی لاش ساندہ کے علاقے سے ملی تھی۔


مقتول کے ورثاء نے واقعے کو ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل قرار دیا تھا اور شبہ ظاہر کیا تھا کہ محمد علی کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کیا ہے، مقتول محمد علی 2 سالہ بچی کا باپ بھی تھا۔

گزشتہ روز اس معاملے میں پولیس تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی تھی، پولیس نے قرار دیا تھا کہ محمد علی کے ساتھ آخری رائیڈ لینے والا ہی اس کا قاتل ہے۔

پولیس نے محسن نامی نوجوان کو حراست میں لیا تھا، جس نے اپنے دوست طاہر کے لیے رائیڈ بک کروائی تھی۔

تازہ ترین