• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ، پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل سے پیسہ آیا، بلاول بھٹو


اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو عوام کو جواب دینا پڑے گا، الیکشن کمیشن 2014 سے آج تک فارن فنڈنگ کا جواب کیوں نہیں دے سکا۔

عمرکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام سے خطاب میں بلاول بھٹو زردداری نے کہا کہ عمر کوٹ کے عوام نے سلیکٹڈ کو ری جیکٹ کردیا۔

انہوں نے کہاکہ کیا دو سال میں فنڈنگ دینے والوں کو فائدہ پہنچایا گیا، کرپٹ کرپٹ کا شور کرنے والے خود اور پوری جماعت کرپٹ نکلی، مسائل حل کرنے کے لیے غیر جمہوری حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔


پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ عوام دشمن، جمہوریت دشمن طاقتوں کو جواب دے دیا، عوام نے کٹھ پتلی کو بھگادیا ہے، سیاسی یتیموں کا ٹولہ بھگادیا، جو کل مشرف کے ساتھ تھا، آج عمران خان کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب پورے پاکستان سے سلیکٹڈ نظام کو بھگانا ہے، آپ کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر وزیراعظم بنایا گیا، یہ نالائق، نااہل وزیراعظم ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کی سونامی میں ہمارے مزدور اور کسان مررہے ہیں، عوام کے ووٹوں سے بننے والی حکومت ان کے مسائل حل کرتی ہے، کسی اور کے اشارے پر حکومت بنانے والے انہی کی طرف دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فارن فنڈنگ سے آئے ہیں، پیسہ بھارت اور اسرائیل سے آیا، یہ کون اسرائیل اور بھارت کےشہری ہیں جو عمران خان کو پیسہ دیتے رہے؟

پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن 2014 سے آج تک فارن فنڈنگ کا جواب کیوں نہیں دے سکا، حکومت نے ان دو سالوں میں فنڈنگ دینے والوں کو فائدہ پہنچایا۔

اُن کا کہنا تھاکہ کوئی بی آر ٹی میں پشاور میں کرپشن کا جواب نہیں دیتا، کٹھ پتلی کو استعفیٰ دینا ہوگا ورنہ عوام اسلام آباد پہنچ کر چھین لیں گے۔

تازہ ترین