ویڈیو شیئرنگ سوشل نیٹ ورکنگ ایپ ٹک ٹاک کی پاکستان میں میں بندش کے بعد اس کے ترجمان کا بیان سامنے آگیا ہے۔
خیال رہے کہ مقبول ترین ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک کو آج سے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
تاہم ترجمان ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ شرائط و ضوابط اور کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مواد کے جائزے کے لیے ٹیکنالوجیز اور ماڈریشن اسٹریٹجی استعمال کی جاتی ہیں۔
ترجمان ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر فوری طور پر اکاؤنٹ بلاک اور ویڈیوز ہٹائی جاتی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ٹک ٹاک کی H2 2020 ٹرانسپیرنسی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فعال انداز میں غیر مناسب مواد کو ہٹایا جاتا ہے۔
ترجمان ٹک ٹاک کے مطابق شفافیت کا طرز عمل، پاکستانی قوانین کی پاسداری کے حوالے سے ٹک ٹاک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ماڈریشن کی صلاحیتوں میں ستمبر سے اب تک 250 فیصد اضافہ ہوا ہے، سروس کی بہتری کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔