• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلبا کو سزا دینا، جسمانی،ذہنی و جذباتی نقصان پہنچانا جرم ہوگا، سندھ کابینہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط کو ’’سیاسی مقاصد ‘‘قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے جس میں گریڈ 1سے 22تک کے ملازمین کی ڈومیسائل وار تفصیلات طلب کی گئی ہیں ،کابینہ میں محکمہ اسکول ایجوکیشن ایکٹ کا مسودہ پیش ،سندھ کے تعلیمی اداروں میں بچوں کو سزا دینا، جسمانی، ذہنی و جذباتی نقصان پہنچانا جرم ہوگا،اس مقصد کے لئے محکمہ اسکول ایجوکیشن، سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی قائم کرےگا، مارکیٹ کمیٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشنوں کو ختم کرنے کیلئے 749 ملین روپے کے قرض کی منظوری ، اشتہاری پالیسی 2021 کا مسودہ بھی کابینہ میں پیش کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو صوبائی کابینہ کا 5گھنٹے تک طویل اجلاس ہوا ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزراء ، مشیران ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور متعلقہ صوبائی سکریٹریز نے شرکت کی۔ 

کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط کوشہزاد اکبر کے کہنے پر لکھا گیا خط قرار دیا اور کہا کہ یہ سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے ایک اقدام ہے ،نیب کے ذریعہ جو معلومات مانگی گئی ہیں وہ اس کے مینڈیٹ سے بالاتر ہے لہٰذا ہم چیئرمین نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں، نیب حکام نے اپنی قانونی حد کو عبور کرتے ہوئے حکومت سندھ کو خط لکھا۔

جسمانی سزا کی ممانعت:محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سندھ پروہبیشن کارپورل پنشمنٹ ایکٹ 2016 کا مسودے پیش کیا، قوانین کے تحت مدارس سمیت کسی بھی تعلیمی ادارے میں ملازمین یا کسی بھی شخص کی جانب سے کسی بھی بچے یا طالب علم کو جسمانی ، ذہنی یا جذباتی طور پر ہراساں یا جنسی استحصال کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا، ادارہ بچے کے تحفظ اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اپنے بچوں کو جسمانی اور فزیکلی سزاؤں سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا۔

قوانین کے تحت بچوں کے تحفظ کیلئے تعلیمی اداروں کو ہیڈ ماسٹر یا مدارس کے ایڈمنسٹریٹر ، انتظامیہ کے ایک رکن ، والدین یا بچے کے سرپرست اعلیٰ پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینی ہوں گی جو الزامات سے متعلق تمام شکایات کو وصول کرنے ، ریکارڈ رکھنے اور انکی تفتیش کریں گی۔

کمیٹی ، بچوں سے زیادتی ، تشدد ، استحصال اور نظرانداز کی صورت میں فوری طور پر پولیس ، ضلعی رابطہ کمیٹی ، چائلڈ ہیلپ لائین 1121 یا متعلقہ چائلڈ پروٹیکشن افسر کو آگاہ کرے گی، جو بھی فرد قانون کے تحت ممنوعہ کارروائیوں کیلئے کسی بھی شخص کو پیش کرتا ہے ، حملہ کرتا ہے ، بھڑکاتا ہے ، مدد کرتا ہے یا ہدایت دیتا ہے وہ قانون کے مطابق سخت سزا کا ذمہ دار ہوگا۔ 

پنشن کی ادائیگی:کابینہ سے محکمہ زراعت نے 410.838 ملین روپے پنشن کے بقایاجات اور 338.029 ملین روپے ایرئیرز کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے 749 ملین روپے سے زائد کی گرانٹ کیلئے درخواست کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کے مشورے پر مارکیٹ کمیٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشنوں کو ختم کرنے کیلئے 749 ملین روپے کے قرض کی منظوری دی اور محکمہ سے سرکاری قرض کو ختم کرنے کیلئے جائیداد / اثاثے فروخت کرنے کو کہا۔

تازہ ترین