لاہور میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں فائرنگ سے اسد کھوکھر کے چھوٹے بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
وزیر اعلیٰ کے سیکورٹی اسٹاف نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا، فائرنگ کے وقت وزیر اعلیٰ کی گاڑی بھی قریب تھی۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔
نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی ڈیفنس میں دعوت ولیمہ میں فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیراعلیٰ عثمان بزدار واپس جانے کے لیے گاڑی میں سوارہوئے۔
پولیس کے مطابق اسد کھوکھر اور مبشر کھوکھر وزیراعلیٰ کو رخصت کرر ہے تھے کہ حملہ آور نےفائرنگ کردی۔ عینی شاہد فرحان کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت حملہ آور گھات لگا کر بیٹھے تھے۔
گولیاں لگنے سے مبشر کھوکھر اور افضل نامی شخص زخمی ہوگیا، مبشر کھوکھر کو ڈیفنس کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
وزیر اعلیٰ کے سیکورٹی اسٹاف نے حملہ آور ملزم ناظم کو پکڑ لیا۔
ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض بھی اسپتال پہنچے، میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم مزید تفتیش کے بعد حتمی رائے دی جا سکتی ہے۔
گرفتار ملزم ناظم نے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ اپنے چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ملک مبشر عرف گوگا کو قتل کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سزا یقینی بنائی جائے۔