• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کی گاڑی کے قریب فائرنگ، نامزد صوبائی وزیر کا بھائی قتل


لاہور(ٹی وی رپورٹ) لاہور میں پنجاب کے نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں سے اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر زخمی ہوگیا جسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے جانے کے بعد پیش آیا۔ عینی شاہد کے مطابق وزیراعلیٰ واپسی کیلئےکار میں بیٹھے ہی تھےکہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جبکہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ کی کار سے چند گز کے فاصلے پر ہوا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دو حملہ اورگھات لگاکرگیٹ پرموجود تھے، جیسے ہی نامزد صوبائی وزیر سمیت تینوں بھائی وزیراعلیٰ پنجاب کوگیٹ پرچھوڑنے آئے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔ وزیراعلیٰ کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کوپکڑلیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد دعوت ولیمہ منسوخ کردی گئی جبکہ یہ تقریب ڈیفنس میں فارم ہاؤس میں منعقد ہورہی تھی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سزا یقینی بنائی جائے۔ خیال رہےکہ آج ہی اسد کھوکھر کوصوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تاہم انہیں ابھی حلف اٹھانا ہے۔

تازہ ترین