کراچی میں انتقال کرجانے والی پاکستان کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں جن میں وہ پاکستان میں کورونا کے خاتمے کی دعا کر رہی ہیں۔
اداکار خالد ملک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دردانہ بٹ کی ویڈیوز شیئر کیں ، ویڈیوز رواں برس کے آغاز کی ہیں۔
ایک ویڈیو کے آغاز میں اداکارہ کہتی ہیں کہ ’میں دردانہ بٹ ہوں، مجھے کام کرتے ہوئے 50 سال ہوگئے ہیں ، ٹی وی ڈراموں ، تھیٹر، فلموں میں ہر جگہ کام کیا اور بہت ہی مزا آیا۔‘
وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’آپ کو پتا ہے میرےجو فینز ہیں ناں مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں، اسی وجہ سے مجھے تمغہ حسنِ کارکردگی بھی ملا، بہترین سپورٹنگ اداکارہ کا بھی ایوارڈ ملا اور پھر تمغۂ امتیاز بھی ملا، یہ سب اللہ کی مہربانی ہے۔‘
آخر میں وہ دعا کرتی ہیں کہ ’اس ملک میں جو مصیبت آئی ہوئی ہے اللہ ہم سب پر اپنا رحم کرے اور ہمیں اس سے محفوظ رکھے۔‘
خالد ملک نے دردانہ بٹ کی یہ ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ویڈیوز دردانہ بٹ کی بھتیجی کی جانب سے شیئر کی گئی ہیں جو رواں برس کے آغاز میں ریکارڈ ہوئی تھیں۔‘
یاد رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا کے باعث گزشتہ روز 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔
دردانہ بٹ 9 مئی 1938ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں، دردانہ بٹ نے اداکاری کا آغاز 70 کی دہائی میں کیا۔
دردانہ بٹ کے مشہور ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، ڈگڈگی، تنہائیاں، ففٹی ففٹی، رسوائی، انتظار شامل ہیں۔