• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قتل کے ملزم کو سزائے موت، تین شریک ملزموں کو 33سال قید

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے تھانہ رتہ امرال کے علاقہ میں خنجروں کے وار سے ایک بھائی کو قتل دو کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزم کو سزائے موت دیتے ہوئے تینوں شریک ملزموں کو 33برس سے زائد قید کی سزا سنادی۔دو برس مختلف عدالتوں میں زیرسماعت رہنے کے بعد ہائی کورٹ نے محمد افضل مجوکہ کی عدالت میں کیس منتقل کرتے ہوئے فوری فیصلے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد گزشتہ ماہ کی گیارہ تاریخ کو ٹرائل کورٹ میں سماعت شروع ہوئی اور 28روز میں فیصلہ ہوگیا۔ جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے اکرام رؤف عرف اکراما کو سزائے موت اور ورثاء کو پانچ لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے مشتاق خان عرف عارف کو اقدام قتل سمیت دیگر الزامات میں بارہ سال قید اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ، شیر محمد عرف شیرو کو اقدام قتل کے جرم میں دس سال قید سخت ایک لاکھ روپے جرمانہ اور دفعہ 337D میں بھی دس سال قید سخت چھ لاکھ 85ہزار 312روپے ارش (زخموں کے بدلے ادا کیا جانے والا معاوضہ) اور دفعہ 337ایف ون میں ایک سال قید سخت اور 75ہزار روپے دامان جبکہ ملزم امیر نواز عرف بلا رکشے والا کو دفعہ 337ایف ون میں پچاس ہزار روپے دامان ادا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے مقدمہ کے پانچویں ملزم طاہر خان عرف آصف چونڈی کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا، اس کیس میں عنایت اللہ، عارف اور حمزہ کو عدالت عدم حاضری پر پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
تازہ ترین