اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )افغان طالبان پر سیاحتی مقامات پر جانے اور سیلفیاں لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اور کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجو اپنے حلیے پر بھی غور کریں، اسے اسلامی اطوار کے مطابق بنائیں،یہ پابندی افغان وزیر دفاع کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔
ایک امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق افغان وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے جنگجوئوں کو سیاحتی مقامات پر جانے اور سیلفیاں لینے سے منع کردیا ہے۔
افغان وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے ایک آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ گشت کرنیوالے جنگجو اپنے علاقوں سے باہر نہ جائیں۔
بعض جنگجو سرکاری دفاتر میں جا کر سیلفیاں لیتے ہیں حالانکہ انکا وہاں کوئی کام نہیں ہے،ملا محمد یعقوب کی ہدایت میں کہا گیا ہے یہ بہت قابل اعتراض بات ہے کہ بنا کسی وجہ کے ہر کوئی موبائل فون اٹھا کر اہم اور حساس مقامات کی تصاویر لے رہا ہے۔
انہوں نے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح گھومنے پھرنے، تصاویر لینے اور ویڈیو بنانے سے دنیا میں کچھ حاصل ہو گا اور نہ ہی آخرت میں کچھ ملے گا۔
امریکی اخبار کے مطابق افغان وزیر دفاع نے اپنے آڈیو پیغام میں طالبان جنگجوؤں کو دعوت فکر دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حلیے پر بھی غور کریں اور اسے اسلامی اطوار کے مطابق بنائیں۔