قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کا سابق کپتان انضمام الحق کی ناساز طبیعت پر کہنا ہے کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ انضمام الحق کے پیارے دل کو کسی کی نظر لگ گئی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر قومی زبان اردو میں انضمام الحق کیلئے ایک خوبصورت پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’پیارے انضی ، تمہارا دل ،اتنا پیارا دل، اسکو لگتا ہے نظر لگ گئی ۔‘
وسیم اکرم نے کہا کہ بہت فکر ہوئی کہ اتنے پیارے دل والے کو تکلیف ہوئی ، دعا ہے کہ تم ٹھیک ہو کر جلد اپنے پیارے دل سے ہم سب کو اسی طرح خوش کرو گے جیسا تم ہمیشہ کرتے ہو۔ ‘
سابق کرکٹر نے یہ بھی لکھا کہ پیارے دوست اپنا خوب خیال رکھو ۔ جلد ملتے ہیں ۔
بعد ازاں انہوں نے اردو سے ناآشنا اپنے مداحوں کیلئے یہی پیغام انگریزی میں بھی شیئر کیا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
سابق کرکٹر کے مینجر کا کہنا ہے کہ لیجنڈ انضمام الحق پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں، گزشتہ رات ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی تھی۔